پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کا امریکانہ گروپ کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ

17

لاہور(نیوزنامہ) مشرق وسطی کے بڑے ریسٹورینٹس گروپ،امریکانہ گروپ نے پنجاب سکلز ڈیولپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) کے ساتھ میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ (ایم او یو) پر دستخط کئے جس کا مقصد کوئک سروس ریسٹورینٹس (کیو ایس آر ) بزنس ڈویژن کیلئے پنجاب سے تربیت یافتہ افرادی قوت کو ملازمت فراہم کرنا ہے، جس کے خطہ میں 1800سے زائد ریسٹورینٹس کام کر رہے ہیں۔ معاہدے پر امریکانہ گروپ کے چیف پیپلز آفیسر سائی گاندھی (Sai Gandhi)اور پی ایس ڈی ایف کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جواد خان نے متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں امریکانہ گروپ کے ہیڈ آفس میں دستخط کئے ۔پنجاب کے نوجوانوں کو مشرق وسطی کے معروف ادارے میں اپنا کیریئربنانے کاموقع فراہم کرنے کیلئے دونوں ادارے کامیاب طویل المدتی شراکت داری قائم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ معاہدے کے مطابق پی ایس ڈی ایف افرادی قوت کی تربیت کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ امریکانہ گروپ اہلیت کے حامل امیدواروں کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں موجود کیو ایس آر میں ملازمت کے مواقع فراہم کریگا۔ اس موقع پر امریکانہ گروپ کے چیف پیپلزآفیسر سائی گاندھی کا کہنا تھا کہ پنجاب سکلز ڈیولپمنٹ فنڈ سے شراکت سے با صلاحیت نوجوانوں کو امریکانہ کے کاروبار میں شمولیت سے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا موقع ملے گا۔ پی ایس ڈی ایف کے سی ای او جواد خان نے کہا کہ پنجاب سکلز ڈیولپمنٹ فنڈ شراکت داری کے ذریعہ مشرق وسطی کے بہترین اداروں کو پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کی ضروریات پورا کرنے میں قلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ہاسپیٹیلٹی کے شعبہ میں اٹلانٹس دی پالم اور روٹانا گروپ کے ساتھ کامیاب شراکت کے بعد پی ایس ڈی ایف کو امریکانہ گروپ کے ساتھ اشتراک سے کیو ایس آر کی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے پر فخرہے۔ ہم امریکانہ کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی شراکت کو وسیع کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.