تاریخی لاہور شہر اور اس میں رہائش کا خواب

25

برصغیر پاک و ہند میں لاہور ایک ثقافتی شہر مانا جاتا تھا اور تقسیم ہند کے بعد بھی لاہور پاکستان کا اہم ثقافتی مرکز ہے۔ باغات کا شہر کہلانے والے لاہور میں ایک طرف تو مغل، پٹھان اور ایرانی طرز تعمیر کی شاہکار تاریخی عمارتیں قابل توجہ ہیں تو دوسری جانب 12 دروازوں میں بند اندرون لاہور دیکھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ شہر لاہور کا دوسرا رخ اس کی جدید طرز تعمیر اور تجارتی سرگرمیاں بھی ہیں۔ اسی لئے تو لاہور آنے والوں کو یہ شہر اس انداز میں اپنے اندر بسا لیتا ہے کہ واپس جانے کو دل ہی نہیں چاہتا۔ کہا جاتا ہے کہ جس کا دل ایک بار لاہور میں لگ گیا پھر اسے رہائش کے لئے کوئی اور شہر پسند ہی نہیں آ سکتا۔ اگر لاہور میں مستقل رہائش اختیار کرنا ہو تو اس شہر میں ہر طرح کے گھر خریدار کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے موجود ہیں۔ متوسط طبقے کے لئے 5 مرلے کا اپنا گھر لاہور میں رہائش کے لئے ایک مناسب انتظام تصور کیا جاتا ہے۔ 2019 کی پہلی ششماہی میں زمین ڈاٹ کام کے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے مختلف نو آباد علاقوں میں 5 مرلے کے گھروں کی قیمتیں 90 لاکھ سے 1 کروڑ 20 لاکھ کے درمیان ہیں۔ اگر گنجان آباد علاقوں کی بات کی جائے تو اس قیمت میں شہر لاہور کے بہترین رہائشی علاقوں میں گھر خریدا جا سکتا ہے۔

شہر لاہور میں 5 مرلے کا گھر کہاں؟
لاہور میں 5 مرلے کی جدید طرز تعمیر کی حامل پرسکون اور آرام دہ رہائش کے لئے جو رہائشی علاقے قابل توجہ ہیں ان میں بحریہ ٹاؤن، اسٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی اور ڈیفنس فیز-11 (ڈی ایچ اے رہبر) شامل ہیں۔ جبکہ کینال گارڈنز، علامہ اقبال ٹاؤن، لیک سٹی، پیراگون سٹی، ٹاؤن شپ، جوبلی ٹاؤن اور بحریہ آرچرڈ بھی ایک بہتریں انتخاب ہوسکتا ہے۔

بحریہ ٹاؤن کی کشش
بحریہ ٹاؤن لاہور میں پیرس کے ایفل ٹاور کا ماڈل اور گرینڈ جامع مسجد لاہور آنے والوں کو اپنی طرف ضرور کھینچتی ہے۔ ایفل ٹاور پیرس کا ہم شکل ماڈل دیکھنے کے لئے ایک بڑی تعداد میں شہری بحریہ ٹاؤن کا رخ کرتے ہیں۔ اسی طرح بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ جامع مسجد خوبصورتی اور طرز تعمیر میں اپنی مثال آپ ہے۔ اسی لئے رواں سال کی پہلی ششماہی میں پراپرٹی کی فروخت کے اعداد و شمار کے مطابق بحریہ ٹاؤن میں 5 مرلے کے گھروں کی مانگ میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ عمومی طور پر بحریہ ٹاؤن میں 5 مرلے کے گھروں کی قیمتیں 90 لاکھ سے 1.2 کروڑ روپے کے درمیان ہیں، تاہم سیکٹر ڈی میں 5 مرلے کے گھر کی اوسط قیمت 1.16 کروڑ روپے ہے۔ جبکہ سیکٹر ڈبل اے اور ڈبل سی میں 5 مرلے کا گھر کم سے کم 95 لاکھ روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔
بحریہ ٹاؤن میں رہائش پذیر خاندانوں میں مسلسل اضافے کی اہم وجوہات میں یہاں کا پرسکون ماحول، معاشرتی مراکز، کھیل کے میدان، تجارتی مراکز اور بنیادی ضروریات کی بآسانی فراہمی سمیت جدید طرز تعمیر بھی ہے۔

اسٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی
لاہور رنگ روڈ سے متصل اسٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی 5 مرلے کے گھروں کے حوالے سے خاصی مقبول ہے۔ یہ رہائشی منصوبہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ملازمین کے لئے شروع کیا گیا تھا اور اپنی بہترین لوکیشن، پرسکون ماحول اور سکیورٹی کے خاطر خواہ انتطامات کی بدولت اب تیزی سے آباد ہو رہا ہے۔ زمین ڈاٹ کام کے ڈیٹا کے مطابق جدید سہولیات کی حامل اسٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی میں 5 مرلے کے متعدد گھر فروخت کے لئے تیار ہیں۔
اسٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی میں 5 مرلے کے گھر کی اوسط قیمت 1.11 کروڑ روپے ہے۔ دو فیز پر مشتمل اس سوسائٹی کے سب سے پسند کئے جانے والے فیز 1 میں 5 مرلے کے گھر کی قیمت 1.2 کروڑ روپے ہے جبکہ بلاک اے اور اس کے ذیلی بلاک میں 5 مرلے کا گھر 1.1 کروڑ میں خریدا جا سکتا ہے۔
اس سوسائٹی میں نہ صرف خوبصورت مناظر پیش کرتے پارکس اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں بلکہ جدید طرز پر تعمیر شدہ جامع مسجد، معاشرتی سرگرمیوں اور کتب کا مرکز، کمرشل مارکیٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کی ہمہ وقت دستیابی اسے ایک بہترین رہائشی منصوبہ ثابت کرتی ہے۔

ڈی ایچ اے فیز-11 (رہبر)
لاہور میں 5 مرلے کے گھروں کے لئے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کا توسیعی منصوبہ ڈی ایچ اے فیز-11 (رہبر) بھی ایک بہترین انتخاب ہے۔ ڈیفنس روڈ پر واقع دو فیز پر مشتمل ڈی ایچ اے کی روایتی تمام تر سہولیات کا حامل یہ منصوبہ رہائشی اور سرمایہ کاری کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ اس منصوبے میں 5 مرلے کے گھر کی سرمایہ کاری کے لئے 1.2 کروڑ روپے درکار ہیں۔ جس کے ذریعے اس کے بلاک ایف اور جی میں بہترین گھر خریدا جا سکتا ہے۔
ڈی ایچ اے کے زیر انتظام اس رہائشی منصوبے میں معیار اور بنیادی سہولیات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ ڈی ایچ اے رہبر میں ضروریات زندگی کی آسان دستیابی کے علاوہ بجلی، گیس اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ بند دروازوں کے ذریعے بہترین سکیورٹی کے حامل اس منصوبے میں تعمیر کردہ معاشرتی(کمیونٹی) مرکز، مساجد، کمرشل مارکیٹ اور پارکس سمیت قرب وجوار میں بہترین اسکولز اور اسپتال بھی موجود ہیں۔
زندہ دلوں کے شہر لاہور کی مشہور آبادی علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی 5 مرلے کے گھر کی خرید ایک بہترین انتخاب ہو گا۔ زمین ڈاٹ کام کو موصول ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق علامہ اقبال ٹاون میں 5 مرلے کا گھر 1.18 کروڑ روپے میں بآسانی خریدا جا سکتا ہے۔ جبکہ لیک سٹی جیسی جدید طرز پر تعمیر شدہ سوسائٹی اور ٹاؤن شپ کے گنجان آباد علاقے میں بھی 5 مرلے کے گھروں کی قیمتیں 1.07 کروڑ سے 1.08 کروڑ روپے کے درمیان ہیں۔
عمار مظہر

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.