قوم والدہ کی صحتیابی اور عافیہ کی جلد رہائی کیلئے خصوصی دعائیں کرے:ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

14

کراچی ( نیوزنامہ ) ڈاکٹرعافیہ کی علیل والدہ عصمت صدیقی کی رہائش گاہ پر ان کی عیادت کیلئے سیاسی ، سماجی، سول سوسائٹی کے رہنمائوں اور عافیہ موومنٹ کے رضاکاروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پرائیویٹ اسکولوں کی تنظیم اومیپ کے چیئرمین پروفیسر تنویر ملک،جنرل سیکریٹری مجیب الرحمان شامی اور انجمن اتحاد عباسیہ کے مرکزی کوآرڈینٹر ڈاکٹر ایوب عباسی، شفیق احمد عباسی، رائو نثار احمد و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی والدہ کی عیادت کی اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی بھی موجود تھیں۔ اومیپ اور انجمن اتحاد عباسیہ کے پروفیسر تنویر ملک، ڈاکٹر ایوب عباسی و دیگر رہنمائوںنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو عمران خان سے اب تک بڑی امیدیں وابستہ ہیںمگر ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں تاخیرباضمیر لوگوں کے لئے تشویش اور شرمندگی کا باعث بن رہی ہے حکومت کو جس کا ادراک کرنا چاہئے ۔ یہ جان کر ہمیں انتہائی دکھ پہنچا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گذشتہ چھ ماہ سے قونصلیٹ رسائی سے بھی محروم ہیں اور قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کی سابقہ رپورٹ بھی اب تک عافیہ کی فیملی اور عوام سے شیئر نہیں گئی ہے۔انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ کے بارے میں خاموشی اختیار کرنے کی یہ روش تو زرداری اور نواز شریف کی ہے۔ عمران خان کی حکومت کے قیام کو 1 سال اور 1 ماہ گذر گیا ہے،کیا عمران خان بھی زرداری اور نواز شریف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان نے اپنے پیشرو حکمرانوں کی روش اپنائی تو عوام بھی عمران خان سے اسی طرح کی لاتعلقی کی روش اپنالیں گے جس کا سامنا آج جیلوں میں قید سابقہ حکمرانوں اور اراکین اسمبلی کو کرنا پڑ رہا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ دورہ امریکہ کے موقع پرقوم کی بیٹی کو وطن واپس لانے کیلئے امریکی صدر سے حتمی بات چیت کریں۔ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے قوم کو ہرآپشن منظور ہے۔ ڈاکٹر عافیہ اور ان کی والدہ عصمت صدیقی کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس معاملے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپیل کی کہ قوم ان کی والدہ کی صحتیابی اور ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.