مودی جتنا مرضی ظلم کر لے کامیاب نہیں ہو گا: وزیراعظم

15

مظفرآباد(نیوز نامہ)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کشمیریوں پر جتنا بھی ظلم کر لے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے جب دنیا میں کشمیر کا سفیر بننے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ میں ایک پاکستانی، ایک مسلمان اور ایک انسان ہوں، کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، 40 دنوں سے ہمارے کشمیری، بھائی، بہنیں اور بچے جیل میں قید ہیں۔
انہوں نے کہا خاص طور پر نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ایک بزدل انسان صرف ایسا ظلم کرتا ہے جو آج کشمیریوں پر بھارتی فوج کر رہی ہے، مودی جس میں انسانیت ہوتی ہے وہ کبھی ایسا نہیں کر سکتا جو نریندر مودی اور آر ایس ایس کر رہی ہے، بہادر انسان کبھی بھی عورتوں اور بچوں پر ظلم نہیں کرتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مودی جتنا مرضی ظلم کر لے کامیاب نہیں ہو گا کیونکہ کشمیر کے عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں۔
ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کی تاریخ بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سب کو پتہ ہونا چاہیے کہ مودی آر ایس ایس کا ممبر ہے اور آر ایس ایس وہ جماعت ہے جس کے اندر مسلمانوں کے لیے نفرت بھری ہوئی ہے، اس جماعت کے بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہندوستان صرف ہندوؤں کے لیے ہے، مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں اور دیگر لوگوں کے لیے نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کشمیری نوجوان بھارتی جارحیت کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں اور ہتھیار اٹھا کر لائن آف کنٹرول پار کرنا چاہتے ہیں لیکن جب تک میں نہ کہوں لائن آف کنٹرول کی طرف نہ جاتا، پہلے مجھے کشمیر کا کیس دنیا کو بتانے دو، جنرل اسمبلی میں اس معاملے پر بات کرنے دو، اس کے بعد میں آپ کو بتاؤں گا کہ ایل او سی کی طرف کب جانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.