لاہور:پولیس تشدد سے نوجوان جاں بحق،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تصدیق

13

لاہور(نیوز نامہ)پولیس کی پولیس گردی جاری،ایک اور نوجوان پولیس تشدد سے جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس تشدد سےایک اور نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس تشدد سے نوجوان عامر مسیح کی ہلاکت کی سی سی ویڈیو منظر عام پر آ گئی جب کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی نوجوان پر تشدد کی تصدیق ہو گئی ہے۔
تین ستمبر کو لاہور پولیس کی حراست میں عامر مسیح نامی نوجوان انتقال کر گیا تھا جس کا الزام اہلخانہ نے پولیس اہلکاروں پر عائد کیا تھا اور احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تشدد کے بعد طبیعت خراب ہونے پر 2 پولیس اہلکار عامر کو موٹر سائیکل پر اسپتال لائے، کچھ دیر بعد اسے وہیل چیئر پر اسپتال سے باہر لائے اور آن لائن ٹیکسی میں بٹھا کر لے گئے۔
عامر مسیح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے جس میں جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق عامر مسیح کے دونوں ہاتھوں اور پاؤں پر تشدد کے نشان تھے، کمر اور بازو پر بھی تشدد کے نشانات تھے جبکہ پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔
آئی جی پنجاب کے نوٹس پر ایس پی انویسٹی گیشن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جب کہ تفتیشی افسر ذیشان اور مفرور 5 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل رحیم یار خان میں بھی پولیس کی حراست میں اے ٹی ایم سے چوری میں ملوث ملزم صلاح الدین کی بھی موت واقع ہوئی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.