محرم الحرام: البیراک ویسٹ مینجمنٹ نے یومِ عاشورہ کی مناسبت سے خصوصی صفائی پلان ترتیب دے دیا

26

لاہور(نیوز نامہ)البیراک ویسٹ مینجمنٹ محرم الحرام کے جلوسوں کے پیشِ نظر شہر بھر میں بالعمو م اور جلوس کے روٹ پر بالخصوص صفائی کا اہتمام کر رہی ہے۔اس ضمن میں داتا گنج بخش ٹائون، راوی ٹائون، شالیمار ٹائون، گلبرگ ٹائون، نشتر ٹائون، واہگہ ٹائون اور عزیز بھٹی ٹائون کے علاقوں میں صفائی آپریشنز جاری ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر شہر کی مختلف شاہراہوں ، اما م بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر سینٹری ورکرز اور بھاری مشینری کی مدد سے مکینکل سویپنگ، واشنگ اور مینول سویپنگ کی جارہی ہے۔مجالس، محافل اور جلوسوںکے روٹ پر صفائی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے 12,950 کلوگرام چونا اور 2000 فینائل کی بوتلیں بھی بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ جامع مساجد اور امام بارگاہوں میں اور ان کے گردونواح میں واٹر بوزرز کے ذریعے دھلائی جبکہ عرقِ گلاب اور چونے کا چھڑکائو بھی کیا جارہا ہے۔ جلوسوں کے راستوں پر موجود ویسٹ کنٹینرز کو بھی بروقت خالی کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ نویں اور دسویں محرم کے موقع پر شہر میں صفائی برقرار رکھنے کیلئے البیراک سینٹری سٹاف اور آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے تا کہ جلوس کے شرکاء اور دیگر شہریوں کو صفائی سے متعلق کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یومِ عاشورہ کے بعد جلوسوں کے روٹس پر زیرو ویسٹ بھی آپریشن کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.