ٹرمپ نے ڈنمارک کو چکما دے دیا

13

واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک کو چکما دے دیا،گرین لینڈ کی فروخت کے انکار پر ڈنمارک کا دورہ ملتوی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک کی جانب سے اپنے خودمختار جزیرے گرین لینڈ کو فروخت کرنے سے انکار پر ڈنمارک کا سرکاری دورہ ملتوی کردیا۔
گزشتہ دنوں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیران سے کہا تھا کہ اگر امریکا گرین لینڈ کو خریدے لے تو اس کے لیے بہت اچھا ہوگا لیکن اس وقت ٹرمپ کے اس بیان کو سب ڈنمارک، گرین لینڈ اور خود امریکی سیاستدان مذاق سمجھ رہے تھے۔
گرین لینڈ نے بھی ٹرمپ کے اس خیال کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ گرین لینڈ سرمایہ کاری کیلئے کھلا ہے لیکن برائے فروخت نہیں۔
اسی دوران ڈنمارک کی ملکہ مارگریت ثانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے ملک کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ٹرمپ اور امریکی خاتون اول کو 2 سمتبر کو ڈنمارک کا دورہ کرنا تھا۔
ڈنمارک نے امریکی صدر کے استقبال کی تمام تر تیاریاں بھی کرلی تھیں تاہم عین موقع پر ٹرمپ نے یہ کہہ کر ڈنمارک کا سرکاری دورہ ملتوی کردیا کہ جب ڈنمارک ، گرین لینڈ کو فروخت کرنے میں دلچپسی نہیں رکھتا تو وہ بھی دورہ نہیں کرسکتے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ڈنمارک ایک بہت ہی خاص ملک ہے لیکن وہاں کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن کے اس بیان کے بعد کہ وہ گرین لینڈ کو فروخت کرنے کے حوالے سے گفتگو کرنے میں دلچپسی نہیں رکھتیں، میں اپنا دورہ ملتوی کررہا ہوں۔


ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈنمارک کی وزیراعظم نے سیدھی بات کرکے امریکا اور اپنے ملک کا خرچہ اور محنت بچائی ہے جس کے لیے میں ان کا مشکور ہوں، ممکن ہے مستقبل میں کبھی میں دورے کے بارے میں سوچوں۔

ٹرمپ کے اس فیصلے پر خود ڈنمارک کی وزیراعظم بھی حیران ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری تیاریاں مکمل تھیں اور میں امریکی صدر سے ملنے کی منتظر تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود امریکا اور ڈنمارک کے اچھے تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.