امریکہ نے ہوا وے پر پابندی 90 دن کے لیے ملتوی کر دی

80

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکہ نے ہوا وے پر پابندی نوے دن کے لیے ملتوی کر دی، کمپنی کو کو نوے دن کا عارضی لائسنس دیا جائے گا جبکہ کمپنی کے بانی رین چنگ فی نے کہا ہے کہ امریکہ کا عارضی لائسنس ہمارے لیے زیادہ کام نہیں آئے گا، ہماری فائیو جی ٹیکنالوجی پر اثر نہیں پڑے گا،اس شعبے میں کوئی بھی دو تین سال تک ہوا وے تک نہیں پہنچ سکے گا ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق امریکی وزارت تجارت نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ ہوا وے کمپنی اور اس کے شراکت داروں کو نوے دن کا عارضی لائسنس دیا جائے گا تاکہ متعلقہ اداروں اور کمپنی کو ترتیب نو کا وقت مل جائے ۔ایک اور اطلاع کے مطابق امریکی اہلکار نے کہا کہ ہوا وے کمپنی اور اس کے شراکت داروں کو سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے اور معاہدوں کے فرائض ادا کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا تاہم اس سے مراد یہ نہیں کہ امریکہ کی جانب لگائی گئی پابندی کو منسوخ کر دیا جائے گا۔ سی آر آئی کے مطابق ہوا وے کمپنی کے بانی رین چنگ فی نے شہر شین چن میں چینی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا عارضی لائسنس ہمارے لیے زیادہ کام نہیں آئے گا۔رین چنگ فی نے کہا کہ اس سب سے ہوا وی کی فائیو جی ٹیکنالوجی پر اثر نہیں پڑے گا اور اس شعبے میں کوئی بھی دو تین سال تک ہوا وے تک نہیں پہنچ سکے گا ۔ رین چنگ فی نے کہا کہ ہم امریکی چپس کو مسترد نہیں کریں گے لیکن اگر فراہمی مشکل ہو ئی تو ہمارے پاس بیک اپ ہے۔رین چنگ فی نے یہ بھی کہا کہ یورپ اور ہوا وے کمپنی قریبی رابطے میں ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.