دعا کریں عافیہ کی 17 ویں عید امریکی جیل میں نہیں اپنے وطن میں گزرے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

123

کراچی (نیوزنامہ) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عالم اسلام کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے ائمہ مساجد اور عوام سے اپیل کی ہے کہ دعا کریں عافیہ کی 17 ویں عید امریکی جیل میں نہیں اپنے وطن میں گذرے۔ عافیہ موومنٹ اپیل کرتی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے جلد رہائی اور باعزت وطن واپسی کیلئے سحری ، افطار، نماز، تلاوت،ترایح کے موقع پر خصوصی دعا ئوں کا اہتمام کریں۔ وہ کراچی کے ناظم ملک اشتیاق احمدکی قیادت میںمسلم اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن (MSO) کے نو منتخب اراکین شیرجان، عدیل معاویہ ، اسامہ ، انعام الحق اور صدام حسین سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں ۔ڈاکٹر فوزیہ نے کہاکہ عافیہ کا یہ 17 واں رمضان امریکی حراست میں گذر رہا ہے ۔ میری والدہ عصمت صدیقی کا اس بات پر غیرمتزلزل ایمان ہے اور وہ پورے یقین سے یہ بات کہتی ہیں کہ اللہ ہی عافیہ کو وطن واپس لائے گا بس دیکھنا یہ ہے کہ یہ سعادت کس کے نصیب میں آتی ہے تم اپنی کوششیںجاری رکھو۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عافیہ کی باعزت وطن واپسی یہ ظاہر کرے گی کہ حکمرانوں اور ریاستی حکام نے عام پاکستانی شہری کی عزت اور تحفظ کو اہمیت دینا شروع کردی ہے۔پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی رپورٹ کے مطابق عافیہ وطن واپس آنے کیلئے بے چین ہے۔زرداری اور نواز شریف کے دور میں عافیہ سے ٹیلی فون پر بات ہو جاتی تھی۔ تین سال سے یہ سلسلہ بھی بند ہے۔ڈاکٹر فوزیہ نے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں پاکستان کے استخکام اور عافیہ کی رہائی کیلئے قوم خصوصی دعائوں کا سلسلہ شروع کرے۔ MSO کراچی کے ناظم ملک اشتیاق احمدنے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں تاخیر پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دہانی کرائی کہ MSO عافیہ بہن کی رہائی کیلئے خصوصی دعائوں کا سلسلہ کرانے کیلئے مساجدکے ائمہ کرام سے رابطہ کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.