رافیل طیاروں کے معاہدے کی خفیہ دستاویزات چوری ہوگئیں: بھارتی حکومت

16

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کا معاہدہ مودی حکومت کے گلے پڑتا جارہا ہے اور اب حکومت نے باضابطہ طور پر سپریم کورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ رافیل طیاروں کے معاہدے سے متعلق خفیہ دستاویزات چوری ہوچکی ہیں۔رافیل طیاروں کے معاہدے کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں کیس زیرسماعت ہے جس کے دوران اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے حکومت کی نمائندگی کی۔اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ رافیل طیاروں کے معاہدے سے متعلق دستاویزات چوری ہوچکی ہیں اور حساس دستاویزات کا معاملہ عدالت میں اٹھا کر درخواست گزار آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی اخبار ‘دی ہندو’ نے بھارت اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کے معاہدوں میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے کئی رپورٹس شائع کی تھیں۔اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے عدالت کو مزید بتایا کہ معاہدے کی دستاویزات وزارت دفاع کے موجودہ یا سابقہ ملازمین نے چوری کی ہیں اور یہ انتہائی خفیہ دستاویزات تھیں جنہیں عام نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ستمبر 2016 میں فرانسیسی حکومت کے ساتھ 36 رافیل طیاروں کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.