لاہور:صوبائی وزیر صنعت وتجارت کی زیرصدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں اعلی سطح کا اجلاس

74

لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال اور وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں سرمایہ کاری کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت وتجارت،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن،نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانا ہے۔مقامی سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا ہے تاکہ وہ یہاں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں پنجاب کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مقام حاصل ہو گا اورہماری حکومت کی اولین ترجیح درآمدات کم کرکے برآمدات کو بڑھانا ہے۔سرمایہ کاری کانفرنس میں سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مراعات اور ترغیبات کا اعلان کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔وفاقی حکومت کی طرف سے صنعت کے فروغ کے لئے دئیے گئے پیکچ کے مثبت مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کو کامیاب بنانا ہے اور اس مقصد کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ پالیسیوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریگولیشنز ریفارمز ،ون ونڈ آپریشن کا اجراء اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہمارا ایجنڈا ہے اورانفراسٹرکچر کی بجائے ہمیں پالیسیوں کو ترجیح بنیادوں پر بہتر بنانا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران آئندہ کی ترقیاتی حکمت عملی کا بھی اعلان کیا جائے گا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر اداروں کی استعداد کار بڑھائی جا سکتی ہے۔صوبے میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.