انڈونیشیا: زلزلے اورسونامی کی تباہ کاریاں،48افراد جاں بحق

147

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک)انڈو نیشیا میں زلزلے اور سونامی نے تباہی مچا تے ہوئے 48افراد کو ابدی نیند سلا دیا جب کہ متعدد افراد زخمی کر دئیے، بجلی اور مواصلاتی رابطوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انڈو نیشیا میں شدید زلزلے اور سونامی سے کم از کم 48افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ کئی عمارتیں گرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ 7.5 شدت کے زلزلے سے سمندر میں پیدا ہونے والی 5 فٹ سے زائد بلند لہروں نے جزیرہ سلاویسی کے ساحلی شہر پالو میں تباہی مچادی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مقامی اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ اس کے اسپتال میں 48 لاشیں اور 12 زخمی لائے گئے ہیں۔ زلزلے کی وجہ سے پالو شہر اور اس کے قریبی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی رابطوں کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔زلزلے کا مرکز پالو شہر کے قریب واقع ماہی گیروں کے قصبے ڈونگ گالا سے 27 کلو میٹر دور سمندر میں تھا۔یادرہے کہ دوہزار چار میں انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں آنے والے سونامی سے ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوگئے تھے جو رواں صدی کی سب سے بڑی قدرتی آفت سمجھی جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.