عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

111

اسلام آباد(ما نیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے اس مقدمے کی سماعت کی ہے،سماعت پر نہ تو عمران خان اور نہ ہی ان کے وکیل پیش ہوئے جس پر الیکشن کمیشن نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیےالیکشن کمیشن نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزم کو 26 اکتوبر کو کمیشن کے سامنے پیش کریں۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ان کے خلاف زیر سماعت توہین عدالت کے مقدمے میں بارہا نوٹسز جاری کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر جاری کیے ہیں۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے جمع کرایا جانے والا جواب بھی مسترد کر دیا ہے۔عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی کارروائی اس وقت شروع ہوئی تھی جب پارٹی کو ملنے والی غیر ملکی فنڈنگ کے بارے میں الیکشن کمیشن کی رپورٹ کو عمران خان نے تعصب پر مبنی قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے پہلے بھی توہین عدالت کے مقدمے میں ہی عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا یہ حکم معطل کرتے ہوئے عمران خان کو پیش ہونے کا حکم جاری کیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف ایک اور متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔کمیشن نے اس درخواست پر عمران خان سے 20 اکتوبر کو جواب طلب کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.